اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)چین کا کہنا ہے کہ امریکہ پاکستان اور چین کو دشمن سمجھنے کی غلطی نہ کرے۔ان خیالات کا اظہار چین کی دفتر خارجہ کے ترجمان نے بیجنگ میں معمول کی بریفنگ کے دوران کیا۔
چینی وزارت خارجہ کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ بیان کے مطابق ترجمان چینی دفتر خارجہ ژا لی جیان کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان اور چین کو دشمن سمجھنے کی غلطی نہ کرے، حقیقت میں دہشتگردی اور کورونا وائرس اصل دشمن ہے۔چین نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی شاندار کوششوں اور قربانیوں کی تعریف کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ انہیں مکمل طور پر تسلیم کرے اور ان کا احترام کرے۔ دہشتگردی عالمی دنیا کا مشترکہ چیلنج ہے۔ژا لی جیان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی تمام ممالک کو درپیش مشترکہ مسئلہ ہے اور پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت قربانیاں دی ہیں۔ تمام ممالک کو باہمی احترام مساوات اور مفادات کی بنیاد پر عالمی امن اور سلامتی کے مشترکہ دفاع کے لئے انسدا د دہشت گردی کے لئے عالمی تعاون کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ چین اس امر پر یقین رکھتا ہے کہ اقوام متحدہ کو اس سلسلے میں کلیدی کردار ادا کرنا چاہیے۔