واشنگٹن (آن لائن)امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ توقع ہے کہ اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ہونے والی ڈیل میں سعودی عرب بھی شامل ہو جائے گا۔ وائٹ ہاوس میں پریس کانفرنس بریفنگ کے دوران ٹرمپ نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے جلد ہی کہیں گے کہ امریکا ایران کے خلاف معطل کی گئی سابقہ تمام پابندیوں کی بحالی چاہتا ہے۔سفارتی ذرائع کے مطابق روس اور چین سمیت دیگر ممالک کی جانب سے امریکی اقدام کی شدیدمخالفت متوقع ہے۔
ایران ایٹمی ڈیل کے بعد تہران کے خلاف پابندیاں معطل کی گئی تھیں۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان تعلقات کے لیے معاہدہ طے پایا تھا، جس کے تحت دونوں ممالک کے درمیان سفارتخانہ کھولنے پر بھی اتفاق ہوا۔ معاہدے پر باضابطہ دستخط آئندہ چند ہفتوں میں ہوں گے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیا کہ فلسطینیوں سے بین الاقوامی امن معاہدہ کرنے تک اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے۔