سرینگر ( آن لائن) شمالی کشمیر کے سنگھ پورہ کے علاقے میں فوجیوں کی طرف مبینہ طور پر ایک کمسن بچی پرفحش تبصرے کرنے کے بعد لوگوں نے احتجاجی مظاہرہ شروع کردیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق خانپھتھ کیمپ میں تعینات 29 راشٹریہ رائفلز کے فوجی سنگھ پورہ کے علاقے میں
ایک گاڑی میں گشت کر رہے تھے کہ ایک فوجی نے مبینہ طور پر ایک کمسن بچی پر بے ہودہ تبصرے کیے۔ اس لڑکی نے لوگوں کی توجہ اپنی طرف مبذول کراتے ہوئے شور مچایا۔اسی اثنامیں، بہت سارے لوگ جمع ہوگئے اور آزادی کے حامی اور فوج مخالف نعرے بلند کرنے شروع کردیئے۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ اس فوجی کوفوری گرفتارکیا جائے۔ ایک بزرگ نے کہاکہ فحش گفتگو کے بعد ، سپاہی نے اسے دھمکی بھی دی ۔ ہم اسے برداشت نہیں کریں گے۔ایس ڈی پی او ظفر مہدی اور چوکی آفیسر میرگنڈ پولیس چوکی محمد اشرف کی سربراہی میں پولیس ٹیم مظاہرین کو راضی کرنے کے لئے جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ایس ڈی پی او پتن نے کہا کہ وہ اب بھی معاملے کی تصدیق کر رہے ہیں۔ چوکی افسر محمد اشرف نے ساوتھ ایشین وائر کو بتایا کہ اگرچہ فوج کے سپاہی نے کچھ نہیں کیا ، پھر بھی کمانڈنگ آفیسر نے لوگوں سے معافی مانگی اور انھیں تسلی دی۔