نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ لاک ڈائون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو دو سال کی سزا ہو سکتی ہے۔ بھارتی وزارت داخلہ نے ملک کی تمام ریاستوں اور مرکزی علاقوں کو ہدایت کی کہ وہ ملک میں کرونا وائرس لاک ڈائون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرے۔ ریاستوں اور مرکزی زیرانتظام علاقوں کے چیف سکرٹریوں کو خط ارسال کئے گئے ہیں کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی ضابطہ کے تحت مقدمہ درج کیا جانا چاہئے۔ جو بھی لاک ڈائون پر عمل درآمد
میں رکاوٹ ڈالتا ہے اسے دو سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ 24 مارچ کو جاری کردہ لاک ڈائون اقدامات میں واضح طور پر بتایا گیا ہے کہ اقدامات کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی شخص کے خلاف ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ 2005 کے سیکشن 551 سے 60 کی دفعات کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ اس کے علاوہ آئی پی سی کے سیکشن 188کے تحت بھی قانونی کارروائی کی جائے گی، 21 دنوں کے لاک ڈائون کا اعلان وزیر اعظم نریندر مودی نے مہلک کرونا وائرس کے پھیلائو پر قابو پانے کے لئے کیا تھا۔