اسلام آباد (این این آئی)چین کی وزارت خارجہ نے بھارتی میڈیا کے تیکھے سوال پر برجستہ جواب دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ تنازعہ جموں و کشمیر پر چین کی پوزیشن واضح ہے۔ چینی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہاکہ یہ تاریخی تنازعہ ہے جسے اقوام متحدہ چارٹر کے تحت حل کیا جانا چاہیے، مسئلہ جموں و کشمیر کا سلامتی کونسل قراردادوں کے تحت پرامن حل چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سلامتی کونسل نے 15 جنوری اجلاس میں تنازعہ جموں و کشمیر کا مفصل جائزہ لیا،
سلامتی کونسل رکن ممالک مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر تشویش میں مبتلا ہیں۔چینی وزارت خارجہ نے کہاکہ رکن ممالک نے فریقین تنازعہ پر زور دیا کہ اقوام متحدہ چارٹر، بین الاقوامی قانون کے تحت مسئلہ حل کریں، پاکستان، بھارت کے مابین تنازعہ کشمیر ہمیشہ سے سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر رہا۔ترجمان چینی وزارت خارجہ نے کہاکہ سلامتی کونسل کے ازسرنو جائزے سے کشیدگی میں کمی، مسئلہ کے حل پر پیشرفت ممکن ہے۔ انہوں نے کہاکہ چین علاقائی امن و استحکام کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا، بھارت کو توجہ کیساتھ سلامتی کونسل رکن ممالک کی درخواست کا جواب دینا چاہیے۔چینی وزارت خارجہ نے کہاکہ روس سلامتی کونسل کا اہم رکن، مسئلہ جموں و کشمیر پر کھل کر بولا، سلامتی کونسل کے تمام ارکان نے کھل کر تنازعہ جموں و کشمیر پر اپنے خدشات کا اظہار کیا۔چین نے کہاکہ متنازعہ خطے پر بھارت کے خیالات سمجھتے ہیں، چین کی سوچ شفاف، موقف واضح، بھارت کو علم ہے، چین مسئلہ کشمیر پر سلامتی کونسل جائزہ میں بھرپور انداز سے شامل ہوا۔ ترجمان چینی وزارت خارجہ نے کہاکہ چین کی جائزہ اجلاس میں شمولیت، خطے میں کشیدگی میں کمی، علاقائی امن و استحکام کیلئے ہے، بھارت اس سارے معاملے کا کوئی اور مطلب لے تو اور بات ہے۔ترجمان چینی وزارت خارجہ نے کہاکہ تنازعہ جموں و کشمیر پر چین کی پوزیشن میں کوئی تبدیلی نہیں، کشمیر پاکستان، بھارت معاملہ ہے لیکن چاہتے ہیں سلامتی کونسل حالیہ صورتحال پر توجہ دے۔ چین نے کہاکہ پاکستان، بھارت کشیدگی کم اور تحمل کا مظاہرہ کریں، پاکستان اور بھارت سے رابطے میں ہیں، ہم مثبت کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان، بھارت، بحیثیت شنگھائی تعاون تنظیم رکن، امید ہے دوطرفہ مسائل پرامن انداز سے حل کریں گے۔