تہران (آن لائن)ایران کی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل محمد باقری نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’امریکا نے دوبارہ حملہ کیا توجواب مزید سخت ہوگا‘۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عراق میں امریکی میزائل حملے میں جاں بحق ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کا انتقام لینے کے بعد ایرانی فوج کے سربراہ میجر جنرل محمد باقری کا تازہ بیان سامنے آیا ہے جس میں جنرل محمد باقری نے کہا ہے کہ عراق میں امریکی فوجی اڈوں پرحملہ ایرانی فورسز کی صلاحیتوں کا بہت چھوٹا سامظاہرہ تھا۔واضح رہے کہ
ایران کی جانب سے عراق میں امریکی فوجی اڈے عین الاسد ایئربیس پر راکٹ حملے کیے گئے، ایران کے دعوے کے مطابق حملے میں 80 افراد ہلاک ہوئے جبکہ امریکی ہیلی کاپٹرز اور فوجی ساز و سامان کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ دشمن کے فوجی اڈے تباہ کرنے کے لیے ہائی الرٹ ہیں،کارروائی جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کے جواب میں کی گئی۔پینٹاگان نے عراق میں امریکی فوج کے اڈے پر حملے کی تصدیق کی اور کہا کہ ایئربیس پر راکٹ حملے ایرانی علاقے سے کیے گئے۔