نئی دہلی (آن لائن)بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا ملک کے تمام دیہی علاقوں میں بیت الخلاء بنانے کا دعویٰ جھوٹا نکلا۔نیشنل اسٹیٹسٹکل آفس ( این ایس او) کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق بھارت کے متعدد دیہی علاقے ایسے ہیں جہاں بیت الخلاء سرے سے
بنائے ہی نہیں گئے۔گزشتہ ماہ نریندر مودی نے دعویٰ کیا تھا کہ بھارتی ٹوائلٹ پروگرام کے تحت بھارت کے 100 فیصد گاؤں میں گندگی کا خاتمہ کر دیا گیا ہے۔تاہم این ایس او کی نئی رپورٹ نے نریندر مودی کے بیت الخلاء بنانے کے جھوٹے دعویٰ کی قلعی کھول دی ہے۔اعداو شمار کے مطابق بھارت کے دیہی علاقوں میں سروے کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ وہاں ایک چوتھائی سے بھی زائد دیہی علاقوں میں بیت الخلاء کی کوئی سہولت میسر نہیں ہے۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس جولائی سے دسمبر 2018 کے درمیان ایک ہزار سے زائد بھارت کی دیہی اور شہری علاقوں کے گھروں کا سروے کیا گیا جس سے پتا چلا کہ بھارت کے 71 اعشاریہ 3 فیصد دیہی علاقوں کے گھروں میں بیت الخلاء موجود نہیں ہے جب کہ جن 3 اعشاریہ 5 فیصد گھروں میں بیت الخلاء موجود ہے وہاں لوگ اس کے استعمال سے ہی ناواقف ہیں۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ بیت الخلاء نہ ہونے کے باعث بھارت کی کچھ ریاستوں کا حال انتہائی بدترین ہے جس کی مثال ریاست اڑیسا کے دیہی علاقوں سے ملتی ہے جہاں 50 فیصد سے زائد گھروں میں ٹوائلٹ کی کوئی سہولت میسر نہیں۔