واشنگٹن (این این آئی)شام میں ترکی کی فوجی کارروائی کے بعد امریکا نے ترک حکومت اور صدر طیب ایردوآن کے خلاف مزید اقدامات پرعمل درآمد شروع کیا ہے۔ ری پبلیکن رکن کانگرس سینیٹر لنڈسی گراہم اور متعدد امریکی سینیٹرز نے کانگرس میں ایک نیا بل پیش کیا ہے جس میں ترک عہدیداروں اور اداروں پر عاید کی جانے والی پابندیوں کی تفصیلات کے ساتھ ساتھ حکومت سے کہا گیا ہے کہ وہ ترک
صدر طیب ایردوآن اور ان کے خاندان کے اثاثوں کے بارے میں تفصیلی رپورٹ فراہم کرے۔ اس بل میں روس ، ایران اور ترکی کے لیے شام میں تیل پیدا کرنے والی کسی بھی غیر گروپ پر پابندیوں کے علاوہ ترکی کے خلق بینک پر پابندیوں کا مطالبہ بھی شامل ہے۔ترکی پر پابندیوں کے بل میں امریکی حکومت سے کہا گیا ہے کہ وہ ترکی میں موجود امریکی فوجی اڈے’انجرلک’ کو کسی متبادل مقام پر منتقل کرے۔