ریاض(این این آئی)عرب اتحاد نے حوثی ملیشیا کے سعودی عرب کے جنوب مغربی شہر خمیس مشیط کی جانب آنے والے ایک اوربغیر پائیلٹ جاسوس طیارے کو مارگرایا ہے۔حوثیوں نے یہ ڈرون صوبہ عمران سے چھوڑا تھا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک بیان میں عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کہا کہ ایران کی حمایت یافتہ دہشت گرد حوثی ملیشیا کی حملوں کے لیے ڈرونز بھیجنے کی کوششیں اسی طرح ناکامی سے دوچار ہوں گی۔انھوں نے ایک بیان میں کہا کہ عرب اتحاد ان بغیر
پائیلٹ جاسوس طیاروں کے خلاف جوابی کارروائی میں شہریوں اور شہری تنصیبات کے تحفظ کے لیے تمام آپریشنل طریق کار کو اختیار کررہا ہے۔کرنل ترکی المالکی نے حوثیوں کے خلاف سدِّ جارحیت کے لیے عرب اتحادی فورسز کے مسلسل اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ حوثیوں کی ڈرون اور میزائل حملوں کی صلاحیت کو تہس نہس کیا جاسکے۔ان کا کہنا تھا کہ ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں نے برسرزمین جنگ میں شکست سے دوچار ہونے کے بعد اب ڈرون اور میزائل حملے تیز کردیے ہیں۔