نیویارک(سی پی پی) اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے مقبوضہ کشمیر میں کشیدگی اور کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کرنے کے بھارتی اقدام پر اظہار تشویش کیا ہے۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفین ڈیوجیرک نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں بریفنگ کے دوران کہا کہ عالمی ادارے کو کشیدگی میں اضافے پر تشویش ہے۔
جب ترجمان سے علاقائی بحران کے خاتمے کیلئے سیکرٹری جنرل کے کردار سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا اس بارے میں سیکرٹری جنرل نے اپنا موقف پہلے بھی کئی بار دیا ہے اور وہ اپنے موقف پر اب بھی قائم ہیں۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کو مذاکرات کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب امور حل کرنے چاہئیں۔ بھارت اور پاکستان کی رضا مندی سے سیکرٹری جنرل آفس اپنا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ اس پیشکش پر آمادگی کا اظہار کیا ہے تاہم بھارت اس کو مسترد کرتا چلا آ رہا ہے۔ کشیدگی کی صورتحال پر تشویش ہے اور اس کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان نے کہا اقوام متحدہ کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی حکومت کی جانب سے پابندیوں کے نفاذ کے بارے میں بھی علم ہے۔ ترجمان نے کہا پاکستان اور بھارت کیلئے اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کے گروپ نے لائن آف کنٹرول پر فوجی سرگرمیوں میں اضافہ کا مشاہدہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا عالمی ادارہ تمام فریقوں سے ضبط و تحمل کی اپیل کرتا ہے، کشمیر اقوام متحدہ کا تسلیم کردہ متنازعہ علاقہ ہے۔