ٹوکیو(این این آئی)جاپان میں ایک شخص نے حملہ چاقو سے وار کر کے 17 افراد کو زخمی کر دیا ہے۔ زخمیوں میں سے ایک سکول طالبہ ہلاک ہوگئی ہے ۔ پولیس نے کہا ہے کہ حملہ آور نے خود کو بھی چاقو مار کر شدید زخمی کر لیا اور بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گیا۔ منگل کو ایک شخص نے جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کے جنوب میں واقع شہر کاواساکی میں چاقو سے حملہ کر کے
ایک طالبہ کو ہلاک اور 17افراد کو زخمی کر دیا جن میں سے زیادہ تر سکولوں کے بچے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ایک مشکوک شخص کو شدید زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ہے جس نے خود پر چاقو سے وار کیے۔ جاپان کے سرکاری ٹی وی کے مطابق زخمی حملہ آور بعد میں دم توڑ گیا۔فائر ڈپارٹمنٹ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ انہیں صبح 7 بج کر 44 منٹ پر ایک ہنگامی کال کے ذریعے معلوم ہوا کہ ایلیمنٹری سکول کے چار طلبہ کو چاقو کے وار سے زخمی کر دیا گیا ہے۔ ایک عینی شاہد نے بتایا کہ واقعہ شہر میں بس سٹاپ کے قریب پیش آیا۔ عینی شاہد نے کہا کہ صبح بہت سی ایمبولینسز کی آوازیں سنیں اور ایک شخص کو زخمی حالت میں بس سٹاپ کے قریب پڑے دیکھا جس کا خون بہہ رہا تھا۔جاپان میں یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جاپان کے سرکاری دورے پر ٹوکیو میں ہیں اور انہوں نے منگل کو ٹوکیو سے باہر امریکی بیسز کا دورہ بھی کرناتھا۔صدر ٹرمپ نے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کہا ہے کہ امریکی عوام جاپان کے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی دعائیں اور ہمدردیاں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔