ریاض (این این آئی)سعودی ولی عہد نے کینسرکے مریض پاکستانی تارک وطن کے علاج کا حکم جاری کردیا،شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستانی مریض کا عسکری ہسپتال میں سرکاری خرچ پر علاج کرانے کا حکم جاری کیا ہے.
اس سے قبل سعودی عرب میں مقیم ایک پاکستانی تارک وطن نے اپیل کی تھی کہ وہ بڑی آنت کے سرطان میں مبتلا ہیں اگر ان کا علاج فوری طور پر کسی سرکاری ہسپتال نہ کرایا گیا تو وہ زندگی کی بازی ہار سکتے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا کے توسط سے اپیل کا علم ہوتے ہی ولی عہد نے مذکورہ تارک وطن کی تلاش کا حکم دیا اور چند ہی گھنٹوں میں اس تک رسائی حاصل کر لی۔پچاس برسوں سے مملکت میں مقیم پاکستانی تارک وطن نے سوشل میڈیا پر اپیل کی تھی کہ انہیں بڑی آنت میں رسولی کے علاج کی غرض سے فوری طور پر کسی قریبی ہسپتال داخل کرایا جائے تاکہ خطرناک مرض سے ان کی جان بچائی جا سکے۔پاکستانی تارک وطن کی اپیل پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے انسانی ہمدردی کے جذبے کے تحت حکم دیا کہ مذکورہ مریض کو فوری طور پر ملٹری ہسپتال داخل کرایا جائے جہاں ان کا علاج سرکاری خرچ پر بالکل فری ہو گا۔