مکہ مکرمہ(سی پی پی ) سیکریٹری حج و عمرہ ڈاکٹر عبدالعزیز وزان نے بتایا ہے کہ 6نئے قسم کے ویزوں کا پروگرام بنایا جارہا ہے۔ ان میں افراد، فیملی، ٹرانزٹ اور ایکسپریس ویزے شامل ہونگے۔ انہوں نے الشرق الاوسط سے گفتگو میں کہا کہ نئے عمرہ پروگرام میں اہل غیر ملکی ایجنٹوں کو شامل کیا جائیگا۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ایک ماہ کے دوران آن لائن عمرہ کا سلسلہ شروع کردیا جائیگا۔ اس کے تحت مختلف خدمات ، قیام و طعام ، ٹرانسپورٹ سمیت مختلف سہولتیں حاصل کی جاسکیں گی۔ وزان نے توجہ دلائی کہ فی الوقت مملکت میں 3درجے کی عمرہ کمپنیاں ہیں۔ کچھ تو وہ ہیں جو کمزور ہیں۔ مدد کی محتاج ہیں۔ کچھ وہ ہیں جو بہترین نتائج حاصل کرنے کیلئے معیاری تعاون کی طلب گار ہیں۔ تیسری وہ ہیں جو صحیح بنیادوں پر اپنے پیرو ںپر کھڑی ہوچکی ہیں اور منافع کمانے لگی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ معتمر کو امیگریشن کی کارروائی میں 2منٹ سے زیادہ نہیں لگیں گے۔ کارروائی فنگر پرنٹ کے ذریعے ہوگی۔وزارت حج میں منصوبہ بندی کے شعبے کے سربراہ اعلی ڈاکٹر عمرو المداح نے بتایا کہ وزارت نے عالمی درجے کی رہائش فراہم کرنے کا ایک معاہدہ کیا ہے۔ اب وزارت حج و عمرہ سرکاری و نجی اداروں کو ساتھ لیکر جامع نظام کے تحت کام کررہی ہے۔ سالانہ 15ملین معتمرین کی میزبانی کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔