مکہ مکرمہ(این این آئی)دنیا بھر سے آئے ہوئے فرزندان اسلام خانہ کعبہ کا طواف کررہے تھے۔ خشوع و خضوع کے ساتھ اللہ تعالیٰ سے دعائیں مانگ رہے تھے۔ گریہ وزاری کے ساتھ اپنے گناہوں ، کوتاہیوں اور غلطیوں کا اعتراف کرکے ندامت کا اظہار کررہے تھے۔ انہی لوگوں میں ایک خاتون بھی خانہ کعبہ کا طواف حاضری اور حضوری کے ساتھ کررہی تھی۔ صحن حرم میں موجود کسی بھی فرد کو یہ احساس نہ تھا کہ ان کے ساتھ طواف میں مصروف خاتون اپنی زندگی کی آخری سانس گن رہی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے
مطابق اچانک خاتون پر نزع کا عالم طاری ہوا اور دیکھتے ہی دیکھتے طواف کرتے ہوئے صحن حرم میں گرگئی۔فوراً ہی طبی امداد کیلئے لوگ دوڑ پڑے مگر نوشتہ تقدیر اپنا کام کرچکا تھا۔ جیسے ہی لوگوں کو پتہ چلا کہ طواف کرنیوالی خاتون کا انتقال ہوگیا ، پورا صحن حرم اللہ اکبر ، اللہ اکبر کی صداؤں سے گونج اٹھا۔ ہر ایک اس کے حسن خاتمہ پر رشک کا اظہار کرنے لگا۔مسجد الحرام فورس کے اہلکار ہلال احمر کے کارندوں کے ہمراہ مطاف پہنچے اور طبی معائنے سے پتہ چلا کہ خاتون کی وفات ہوچکی ہے۔