بیروت (این این آئی)ایران خود پر عائد امریکی اقتصادی پابندیوں کو چکمہ دینے کے لیے بعض عرب ممالک (بالخصوص عراق اور لبنان) میں پھیلی ہوئی اپنی ملیشیاؤں کے نیٹ ورکس کو کام میں لا رہا ہے۔ اس سلسلے میں نقد کرنسی کے مقابل مارکیٹوں میں غیر قانونی طور پر ایرانی مصنوعات کو پھیلایا جا رہا ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی کی کوششوں کے ضمن میں ایران نے لبنانی مارکیٹ کو ایرانی فولاد کی بڑی مقدار سے بھر دیا ہے۔اس فولاد کو بیروت میں سائنٹفک ریسرچ کونسل کی تجربہ گاہ کے معائنے سے بھی نہیں گزارا گیا۔ یہ تجربہ گاہ اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ مذکورہ فولاد بین الاقوامی معیار کے مطابق ہے یا نہیں۔معلومات کے مطابق فولاد سے لدے ایرانی بحری جہاز نہر سوئز کے ذریعے شام کی لاذقیہ بندرگاہ پہنچ رہے ہیں۔ یہاں اس مال کو اتار کر خشکی کے راستے بیروت منتقل کیا جاتا ہے اور پھر لبنانی مارکیٹ میں فی ٹن 150 ڈالر سے بھی کم قیمت میں فروخت کر دیا جاتا ہے۔ (یہ نرخ یورپ اور یوکرین سے قانونی طور پر درآمد کیے جانے والے فولاد کے فی ٹن نرخوں سے 25% کم ہیں)۔علاوہ ازیں لبنانی کمپنیوں کے مالکان ایرانی فولاد کی نوعیت اور کوالٹی پر بھی عدم اطمینان کا شکار ہیں جو کہ لبنان میں زیر عمل بین الاقوامی معیار پر پورا نہیں اترتا۔ تعمیرات میں ایرانی فولاد کے استعمال سے لوگوں کی سلامتی کو بھی خطرے میں ڈالا جا رہا ہے۔