ماسکو (این این آئی)روس عرب خلیجی ریاستوں کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات مضبوط بنانا چاہتا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ بات روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے کویت میں اپنے ہم منصب شیخ صباح الخالد الصباح کے ساتھ مشترکہ نیوز کانفرنس میں کہی ۔انھوں نے کہا کہ
سعودی عرب شام میں جلد سے جلد ایک آئینی کمیٹی کی تشکیل چاہتا ہے اور عالمی برادری شام میں امداد کی فراہمی کو بحران کے سیاسی حل سے مشروط کرنا چاہتی ہے۔اس موقع پر کویتی وزیر خارجہ نے کہا کہ شام کو اس کے عرب ہمسایہ ممالک سے دوبارہ مربوط بنانا ایک مثبت قدم ہوگا۔ انھوں نے بحران کے فوری سیاسی حل کی ضرورت پر زور دیا ۔سرگئی لاروف نے بتایا کہ سعودی عرب اور روس شام میں دہشت گردی کو شکست دینے کے لیے مل جل کر کام کررہے ہیں۔ انھوں نے اپنے ملک کی جانب سے اس خواہش کا بھی اظہار کیا ہے کہ وہ امریکا کے مشرقِ اوسط کے لیے امن عمل کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتا ہے۔انھوں نے قطر اور عرب ممالک کے درمیان جاری بحران کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روس نے خلیج بحران کے حل کے لیے کوئی اقدام تجویز نہیں کیا ہے اور وہ اس ضمن میں کویت کی ثالثی کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔روسی وزیر خارجہ خطے کے ملکوں کے دورے پر ہیں۔اس سے پہلے انھوں نے سعودی عرب کا دورہ کیا ہے اور وہ کویت کے بعد متحدہ عرب امارات پہنچنے والے تھے۔