مقبوضہ غزہ(این این آئی)فلسطینی وزارت صحت نے کہاہے کہ غزہ کی پٹی میں حق واپسی ریلیوں پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا ایک فلسطینی شہید ہوگیا، جس کے بعد جمعہ کے روز سے اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد چار ہوگئی ۔
عرب ٹی وی کے مطابق اسرائیلی فوج نے جمعہ کے روز مشرقی البریج کے مقام پر ایک احتجاجی ریلی پر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں تین فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔وزارت صحت کے مطابق ہفتے کے روز ایک اور زخمی فلسطینی شہید ہوگیا۔غزہ میں وزار صحت کے ترجمان اشرف القدر نے بتایا کہ ایک اور زخمی اسپتال میں دم توڑ گیا۔ 18 سالہ ایمن منیر مھًد شبیر کا تعلق دیر البلح سے تھا اور وہ جمعہ کو اسرائیلی فوج کی گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوگیاتھا۔خیال رہے کہ فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر 30مارچ 2018ء سے مظاہرے اور احتجاج جاری ہے۔ فلسطینی مظاہرین غزہ کی ناکہ بندی کے خاتمے اورحق واپسی کے لیے مظاہرے کر رہے ہیں۔ہفتے کے روز تین فلسطینی شہداء کو سپرد خاک کیا گیا۔ شہداء کی جنازوں میں حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ بھی شرکت کی۔ 30 مارچ سے اب تک غزہ کی سرحد پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 239 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔