بیجنگ(نیوز ڈیسک)کینیڈا میں چینی ٹیکنالوجی کمپنی ہواوے کی مالی افسر کی گرفتاری اور رہائی کے بعد کینیڈا کے سابق سفیر مائیکل کوورگ کو چین میں گرفتار کرلیا گیا۔بین الاقوامی میڈیا کے مطابق جمعرات کو انٹرنیشنل کرائسز گروپ نے بتایا کہ وہ شمال مشرقی ایشیا کے سینئر ایڈوائزر مائیکل کوورگ کی گرفتاری سے متعلق آگاہ تھے۔برسلز میں قائم غیر سرکاری تنظیم انٹرنیشنل کرائسز گروپ نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم مائیکل کوورگ سے متعلق معلومات حاصل کرنے اور ان کی باحفاظت رہائی کی
ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔مائیکل کوورگ فروری 2017 سے انٹرنیشنل کرائسز گروپ کے شمال مشرقی ایشیائی مشیر کے طور پر کام کر رہے تھے۔اس سے قبل انہوں نے 2010 سے 2016 تک کینیڈا کی وزارت خارجہ کے ساتھ کام کیا اور 2012 سے 2016 کے دوران ہانگ کانگ اور بیجنگ میں سفیر کی حیثیت سے فرائض انجام دیئے۔چین کی جانب سے کینیڈا کے سابق سفیر کی گرفتاری کی تصدیق نہیں کی گئی جبکہ کینیڈا کے محکمہ عالمی امور کی جانب سے بھی فوری طور پر کوئی جواب سامنے نہیں آیا۔