میساچوسٹس (این این آئی )امریکا میں میساچوسٹس انسٹی ٹیوٹ برائے ٹکنالوجی(ایم آئی ٹی) نے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے اپنا جائزہ مکمل کرنے کے بعد یہ نتیجہ پیش کیا ہے کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے تناظر میں ادارے کو مملکت کے ساتھ تعلقات منقطع نہیں کرنا چاہئیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایم آئی ٹی کے ڈین رچرڈ لیسٹر نے اپنی سفارشات پیش کیں۔ لیسٹر سے اس جائزے کا مطالبہ انسٹی ٹیوٹ کے سربراہ رفائیل رائف نے کیا تھا۔رفائیل رائف تمام ردود عمل اکٹھا کرنے
کے بعد حتمی فیصلہ کریں گے۔اس سے قبل امریکی خبر رساں ایجنسی کی جانب سے کیے جانے والے تجزیے میں نتیجے کے طور پر یہ بات سامنے آئی تھی کہ دنیا کی سب سے بڑی سعودی تیل کمپنی ارامکو نے گزشتہ سمجھوتے کی مد میں چالیس لاکھ ڈالر پیش کیے تھے۔رچرڈ لیسٹر کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ انسٹی ٹیوٹ کو مالی رقوم فراہم کرنے والی کوئی بھی تنظیم خاشقجی کے قتل میں کسی بھی کردار کی حامل نہیں۔ رپورٹ کے مطابق تعلقات منقطع کرنے کے لیے کوئی بھی اطمینان بخش حجت نہیں پائی جاتی۔