جنیوا(این این آئی)بین الاقوامی ریڈکراس کمیٹی یمن کے متحارب فریقوں کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے لیے سمجھوتے پر عمل درآمد کی نگرانی کرے گی۔ریڈکراس نے سویڈن میں متحارب فریقوں کے درمیان جاری امن مذاکرات میں اس سمجھوتے کو بحران کے حل کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جنیوا میں قائم بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی کی مشرقِ وسطیٰ اور مشرقِ قریب کے لیے علاقائی ڈائریکٹر فیبریزیو کاربونی نے ایک بیان میں کہا کہ ان کی تنظیم سے
قیدیوں کے تبادلے کے عمل میں ایک غیر جانبدار ثالث کے طور پر کردار ادا کرنے اور فنی امداد مہیا کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔انھوں نے سویڈش دارالحکومت اسٹاک ہوم کے شمال میں واقع علاقے ریمبو میں یمنی فریقوں کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے اعلان کے بعد ایک بیان میں کہا کہ ہم خاندانوں سے جدا ہونے والے لوگو ں کو ملانے اور انھیں ان کے آبائی علاقوں میں منتقل کرنے کے لیے مدد دینے کو تیار ہیں۔کاربونی نے کہا کہ اب یمنی عوام اپنے مصائب کے خاتمے کے لیے مزید انتظار نہیں کرسکتے ہیں۔