صنعاء (این این آئی )یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی مارٹن گریفتھس اور حوثی باغیوں کا وفد ایک خصوصی طیارے کے ذریعے سویڈن پہنچ گیا ہے جہاں وہ یمن میں جار ی بحران کے خاتمے کے لیے یمنی حکومت کے ساتھ امن مذاکرات میں شرکت کریں گے۔
یمن کی قانونی حکومت کے عہدے دار بھی ان مذاکرات میں شرکت کے لیے سویڈن پہنچ گئے۔فریقین کے درمیان2016ء کے بعد یہ پہلی امن بات چیت ہوگی۔اس کے آغاز کی تاریخ کا ابھی اعلان نہیں کیا گیا ۔البتہ یمنی حکومت کے ذرائع نے بتایا کہ جمعرات کو ان مذاکرات کا آغاز ہوسکتا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق حوثیوں کی نام نہاد سپریم سیاسی کونسل کے سربراہ مہدی المشاط نے سویڈن میں ہونے والی امن بات چیت میں اپنے وفد کی شرکت کی تصدیق کی ہے۔قبل ازیں حوثیوں کے لیڈر محمد علی الحوثی نے اعلان کیا تھا کہ ان کا وفد3 دسمبر کو سویڈن پہنچ جائے گا لیکن حوثی ملیشیا کا وفد ایک دن کی تاخیر سے یمنی دارالحکومت سے روانہ ہوا تھا۔اس وفد کے سربراہ اور ترجمان محمد عبدالسلام نے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی برائے یمن مارٹن گریفتھس کی ان مذاکرات کے انعقاد کے لیے صلاحیت کے حوالے سے اپنے شک کا اظہار کیا ہے۔یمن کی قانونی حکومت پہلے ہی ان مذاکرات میں شرکت کا اعلان کرچکی ہے۔تاہم اس نے یہ شرط عاید کی تھی کہ حوثیوں کے وفد کی سویڈن میں آمد کے بعد ہی اس کا وفد مذاکرات میں شرکت کے لیے روانہ ہوگا۔