ریاض(این این آئی)عرب اتحاد نے کہا ہے کہ یمن کی الحدیدہ بندرگاہ کو گذشتہ تین روز کے دوران میں جہازوں سے کلئیر کردیا گیا ہے کیونکہ حوثی ملیشیا انھیں بندرگاہ میں داخلے کی اجازت نہیں دے رہی تھی۔غیرملکی خبرساں ادارے کے مطابق یمن میں قانونی حکومت کی حمایت میں حوثی باغیوں سے برسرپیکار عرب اتحادی افواج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے سعودی دارالحکومت الریاض میں ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ
یمنی بندرگاہوں میں داخلے کے لیے چودہ جہازوں کو اجازت نامے جاری کیے گئے ہیں۔انھوں نے بتایا کہ عرب اتحاد نے 102 بچّوں کو حوثیوں کے چنگل سے بچالیا ہے اور اب انھیں بحالی کے عمل سے گزارہ جارہا ہے۔انھیں حوثی ملیشیا نے یمنی فوج سے لڑنے کے لیے بچّہ فوجی کے طور پر بھرتی کیا تھا۔ترکی المالکی نے مزید کہا کہ عرب اتحاد یمن میں حوثیوں کے علاوہ القاعد ہ اور داعش کے جنگجوؤں کے خلاف بھی لڑرہا ہے۔