ماسکو(این این آئی)روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف نے کہاہے کہ شام میں امریکا کی پالیسی کا ایک عنصر کْرد کارڈ کا استعمال کرنا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک بیان میں روسی وزیر خارجہ نے کہاکہ فرات کے مشرق میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ شامی اراضی سے متعلق بنیادی اصولوں پر جمے رہنے کی صریح خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے باور کرایا کہ کْرد کارڈ نہ صرف شام کے لیے خطر ناک ہے بلکہ
اس کے سنگین اثرات عراق، ایران اور ترکی تک پھیل رہے ہیں۔اِدلب کے حوالے سے لاؤروف کا کہنا تھا کہ وہاں موجود تمام مسلح شدت پسند عناصر نے ابھی تک ہتھیاروں سے پاک مجوزہ علاقے سے انخلاء پر عمل دراآد نہیں کیا ہے۔ ان کے مطابق پوتین اور ایردوآن نے شدت پسندوں کی اْن کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے کافی اقدامات پر اتفاق رائے کیا ہے جو وہ اس اہم سمجھوتے کو سبوتاڑ کرنے کے واسطے کر رہے ہیں۔