پیرس(این این آئی)فرانسیسی صدر عمانوایل ماکروں نے وزیراعظم ایڈرورڈ فلپ کو فرانس کی تمام بڑی سیاسی جماعتوں کے سربراہوں اور حکومت مخالف مظاہروں کے پیچھے کارفرما تحریک کے نمایندوں سے ملاقات اور مکالمے کی ہدایت کی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق فرانسیسی صدر نے ایک بیان میں کہاکہ مظاہرین مذاکرات کی میز پر آئیں۔وزیراعظم اور زرد صدری تحریک کے نمایندوں کے درمیان قبل ازیں گذشتہ ہفتے ملاقات ناکام رہی تھی کیونکہ تحریک کے نمایندوں نے بات چیت کو براہ راست نشر کرنے
کی درخواست کی تھی لیکن اس کو مسترد کردیا گیا تھا۔جس کے بعد صدر ماکروں کی حکومت کے خلاف احتجاج کا یہ سلسلہ فرانس بھر میں پھیل چکا ہے اور ملک کے جنوب میں زرد صدری تحریک کے مظاہرے کی وجہ سے ہفتے کی شب ایک موٹر گاڑی میں سوار شخص ٹریفک حادثے کا شکار ہوگیا ہے۔فرانس کے ایک پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ مظاہرین نے ایک شاہراہ کو بند کررکھا تھا اور اس حادثے کا براہ راست تعلق اس شاہراہ کی بندش سے ہے جس کی وجہ سے 10 کلومیٹر تک ٹریفک جام تھا۔