منامہ(این این آئی)بحرین کی کابینہ نے گذشتہ اتوار کو ملک میں منعقدہ پارلیمانی انتخابات کے بعد آئین کے مطابق شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ کو اجتماعی طور پر استعفی پیش کردیا ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کابینہ نے پانچویں قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے نتائج کے اعلان کے بعد اپنا استعفا دیا ہے۔ اب اس کی جگہ چار سال کی مدت کے لیے نئی کابینہ تشکیل دی جائے گی۔بحرین کے وزیر انصاف شیخ خالد بن علی آل خلیفہ نے کہا کہ گذشتہ ماہ منعقدہ پارلیمانی انتخابات میں ووٹ ڈالنے کی شرح 67 فی صد
رہی ہے اور یہ 2014ء میں منعقدہ عام انتخابات سے 14 فی صد زیادہ ہے۔تب ووٹ ڈالنے کی شرح 53 فی صد رہی تھی۔انھوں نے کہا کہ بحرین اب جمہوری ترقی کے ایک نئے دور میں داخل ہوچکا ہے اور اس کا انتخابی عمل تجربے کے مرحلے سے بہت آگے جا چکا ہے۔بحرین میں 24 نومبر کو منعقدہ پارلیمانی انتخابات میں آزاد اور خواتین امیدواروں کی بڑی تعداد نے کامیابی حاصل کی ہے اور اس خلیجی ریاست کی تاریخ میں پہلی مرتبہ چھ خواتین امیدوار براہ راست پارلیمان کی ارکان منتخب ہوئی ہیں۔