صنعاء(این این آئی )یمن میں آئینی حکومت کی بحالی کے لیے سرگرم عرب فوجی اتحاد نے یمن میں حوثی باغیوں کے بیلسٹک لانچنگ پیڈ پر بمباری کرکے مملکت کو دہشت گردی کی خطرناک سازش سے بچا لیا۔عرب ٹی وی کے مطابق عرب اتحادی فوج کے ترجمان کرنل پایلٹ ترکی المالکی نے بتایا کہ حوثی باغی صعدہ گورنری میں الصفراء ڈاریکٹوریٹ سے سعودی عرب پر بیلسٹک میزائل داغنے کی کوشش کررہے تھے۔ عرب اتحادی فوج کو اس کا علم
ہوا تو اس نے بروقت کارروائی کرکے سعودی عرب پر میزائل حملے سے قبل ہی بمباری سے حوثیوں کا لانچنگ پیڈ تباہ کردیا۔ جس کے نتیجے میں سعودی عرب ایک بڑی تباہی سے بچ گیا۔المالکی نے بتایا کہ حوثیوں کی جانب سے اپنے وفادار ذرائع ابلاغ کے ذریعے ایک سعودی فوجی کیمپ کو نشانہ بنانے کا بے بنیاد دعویٰ کیا اور کہا کہ ان کے حملے میں سعودی عرب کو جانی اور مالی نقصان پہنچایا گیا ۔ تاہم عرب اتحاد نے حوثیوں کے اس دعوے کو قطعی بے بنیاد قرار دیا ہے۔