صنعاء (این این آئی)یمن کی آئینی حکومت کے خلاف برسرپیکار باغی حوثیوں نے یمن کے لئے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی مارٹن گریفتھ کی اپیل پر سرکاری اور اتحادی فوج کے خلاف میزائل اور ڈرون طیاروں کے حملے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز ایک بیان میں حوثیوں نے عندیہ دیا کہ جب تک دوسرا فریق جنگ بندی کی پابندی کرتا ہے وہ تمام محاذوں پر فوجی کارروائیاں روکنے کے لئے تیار ہیں
تاکہ عادلانہ امن کی راہ ہموار ہو سکے۔حوثیوں کے اس بیان پر یمن کی آئینی حکومت کو عسکری اور سفارتی مدد فراہم کرنے والے عرب اتحاد نے تاحال کسی قسم کے ردعمل کا اظہار نہیں کیا۔یہ بیان سپریم کمیٹی کے سربراہ محمد علی الحوثی نے اپنے ٹویٹر اکاونٹ پر جاری کیا جس میں باغیوں نے کہا کہ ایسا اعلان دراصل یو این نمائندے کی جانب سے ڈرون اور میزائل حملے روکنے کے لئے کیا گیا ہے جس کا مقصد اچھی یمن میں امن قائم کرنے کی کوششوں کی صدق دل سے حمایت کرنا ہے۔