بیروت(این این آئی)شام کے شمالی شہر منبج میں امریکا اور ترکی کی فوجوں نے مشترکہ گشت شروع کر دیا ہے ۔عرب ٹی وی کے مطابق ترک وزیر دفا ع حلوسی عکار نے اس اطلاع کی تصدیق کی ہے۔شام کے شمالی علاقے میں موجود امریکا کی حمایت یافتہ فورسز کے ایک ذریعے نے قبل ازیں منبج میں دونوں فوجو ں کے مشترکہ گشت کے آغاز کی اطلاع دی تھی اور کہا تھا کہ یہ گشت ایک مشترکہ لائحہ عمل کے تحت کیا جائے گا اور اس کا مقصد معاہدہ شمالی اوقیانوس کی تنظیم ( نیٹو)
کے دونوں رکن ممالک کے درمیان پائی جانے والی کشیدگی ختم کرنا ہے۔دریں اثناء ترکی کے وزیر دفاع حلوسی عکار نے کہا کہ شام کے شمالی علاقے میں قریباً دو لاکھ ساٹھ ہزار شہریوں کی واپسی ہوچکی ہے۔یہ افراد اس علاقے میں متحارب مسلح گروپوں کے درمیان جھڑپوں اور جنگی کارروائیوں کے بعد دوسرے علاقوں یا ترکی کی جانب چلے گئے تھے۔شام کے اس علاقے میں ترکی کی مسلح افواج ’’فرات کی ڈھال‘‘ کے نام سے کرد جنگجوؤں کے خلاف کارروائی کررہی ہیں۔