اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سعودی دارالحکومت ریاض میں پولیس نے تھماما کے علاقے میں ہونے والی نجی ہالووین پارٹی پر چھاپہ مار کر اس میں شریک تمام مرد وخواتین کو گرفتار کرلیا، عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پولیس کو علاقے کے رہائشیوں نے یہ اطلاع دی تھی کہ ان کے قریب ایک گھر میں میوزک بہت تیز آوازمیں چل رہا ہے جبکہ آتش بازی بھی کی جارہی ہے ۔شکایت پر پولیس نے متعلقہ گھر پر چھاپہ مارا جہاں ہالووین پارٹی جاری تھی ۔پارٹی کے آرگنائزرز اور اس میں شریک تمام افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
معلوم ہواہے کہ اس تقریب میں شرکت کیلئے ٹکٹ بھی بیچے گئے تھے ۔اب یہ کیس متعلقہ اتھارٹی کے پاس پہنچ چکا ہے ۔اس پارٹی کی ویڈیو وائرل ہو چکی ہے جس پر ملا جلا ردعمل سامنے آرہا ہے ۔ کچھ صارفین نے حیرت کا اظہار کیا ہے کہ یہ ریاض ہے یا لاس ویگاس؟ان لوگوں کو سزا ملنی چاہئے اور تحقیقات ہونی چاہئے کہ یہ اس پارٹی کا انعقاد کیسے ممکن ہو سکا۔کچھ صارفین نے اس ایونٹ کی حمایت کی .واضح رہے کہ ہالووین پارٹیاں کرنے کی سعودی عرب میں اجازت نہیں ہے اور ایسا کرنا خلاف قانون ہے۔