جنیوا (این این آئی)ایرانی صدر حسن روحانی نے امریکا کی طرف سے عاید کردہ پابندیوں کے اثرات کا اعتراف کیا ہے اور خبر دار کیا ہے کہ آنے والے مہینے ایران کے لیے زیادہ مشکلات کا باعث بن سکتے ہیں۔ایران کے سرکاری ٹی وی پر نشر ایک بیان میں صدر حسن روحانی نے کہا۔امریکا کی طرف سے عاید کردہ اقتصادی پابندیوں کی وجہ سے ایران کو مشکل حالات کا سامنا ہے۔ آئندہ ہفتے امریکا ایران کے خلاف نئی پابندیوں کا اعلان کرنے والا ہے جس کے بعد ایران کے لیے آنے والے مہینے کافی مشکل
ثابت ہوں گے۔حسن روحانی کا کہنا تھا کہ حالیہ مہینوں کے دوران ایرانی شہریوں کو کافی مشکلات اٹھانا پڑی ہیں۔ میں سمجھتا ہوں کے آنے والے مہینے زیادہ مشکل اور بھاری ہوسکتے ہیں، تاہم حکومت عوام کی مشکلات اور مسائل کم کرنے کے لیے ہرممکن اقدامات کرے گی۔ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ ایران آئندہ چند روز میں لاگو ہونے والی نئی امریکی پابندیوں سے نہیں ڈرتا۔ ان کا کہنا تھاکہ ہم امریکی پابندیوں کا پہلے بھی سامنا کرتے رہے ہیں اورآئندہ بھی کریں گے۔