نیویارک(این این آئی)اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے چین میں ناروے کے سفیر جیر بیڈرسن کو شام میں اقوام متحدہ کا نیا ایلچی مقرر کردیا،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے سفارت کاروں نے شناخت مخفی رکھنے کی شرط پربتایا کہ یواین سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے چین میں ناروے کے سفیر بیڈرسن کو شام کے لیے نیا امن مندوب مقرر کیا ہے۔ سفارت کاروں کے مطابق سلامتی کونسل کے پانچ مستقل ارکان روس، چین، امریکا، فرانس اور برطانیہ نے غیر رسمی طورپر اس فیصلے کی توثیق
کی ہے۔انہوں نے شام کے لیے نئے ایلچی کے تقرر کے لیے شامی حکومت سے بھی طویل مشاورت کی ہے۔ شامی حکومت اور اپوزیشن قوتوں کی طرف سے بھی بیڈرسن کی تعیناتی کی حمایت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ بیڈرسن شام میں جاری تنازع کے سیاسی حل اور ملک میں جمہوریت کے لیے ان کے پیش رو دی میستورا کے کام کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔خیال رہے کہ اقوام متحدہ شام کے لیے موجودہ ایلچی اسٹیفن دی میستورا نے ذاتی وجوہات کی بناء پر اپنے اس اہم عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا ہے۔