دیاربکر(این این آئی)ترکی کے جنوبی شہر دیار بکر میں زمین کا کچھ حصّہ اچانک پھٹ جانے کے نتیجے میں وہاں سے گزرنے والی دو خواتین گر کر دھنس گئیں۔سڑک پر نصب سکیورٹی کیمرے نے اس منظر کو محفوظ کر لیا اور یہ وڈیو کلپ سوشل میڈیا اور مقامی ذرائع ابلاغ میں تیزی سے پھیل گیا۔ حادثے کے واقع ہوتے ہی لوگوں کی ایک بڑی تعداد جمع ہو گئی اور دم گھونٹ دینے والے گرد و غبار کے باوجود دونوں خواتین کو سلامت نکال لیا گیا۔ معجزاتی طور پر دونوں خواتین کو صرف معمولی خراشیں آئیں۔دونوں خواتین میں ایک
ڈاکٹر سوشان کودائی ہیں اور دوسری ان کی ساتھی نرس اوزلام دوئماز ہیں۔ دونوں خواتین شہر کے ایک طبّی مرکز میں کام کرتی ہیں۔پولیس کی جانب سے فوری تحقیقات کے بعد یہ واضح ہوا کہ ترکی کے جنوبی علاقوں میں ہونے والی حالیہ طوفانی بارشوں کے نتیجے میں دیار بکر شہر کے مذکورہ علاقے میں سڑک پر فٹ پاتھ کے جمع ہونے والے بارش کے پانی کے رساؤ نے پرانی تعمیر کو کمزور کر دیا تھا۔ اس کے نتیجے میں فٹ پاتھ کے ٹوٹ کر بیٹھ جانے کے ساتھ ہی دونوں خواتین کو پلک جھپکنے میں زمین نے اپنے اندر نگل لیا۔