انقرہ (این این آئی)سعودی صحافی جمال خاشقجی کی گمشدگی میں نیا انکشاف سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ انہیں تشدد کا نشانہ بنا کر زندہ ہی ٹکڑوں میں کاٹ دیا گیا تھا۔ترک قدامت پسند اخبار ’ینی شفق‘ کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے وائس ریکارڈنگ سنی ہے جس میں جمال خاشقجی کو تفتیش کے دوران تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے سنا گیا اور پہلے ان کی انگلی کاٹی گئی بعدازاں زندہ ہی ٹکڑوں میں تبدیل کردیا گیا۔رپورٹ کے مطابق ذرائع نے دعویٰ کیا کہ سات منٹ کے اندر جمال خاشقجی کی موت
واقع ہوگئی، انہیں سعودی قونصلر کے آفس کے برابر میں موجود لائبریری میں لایا گیا اور اسٹڈی ٹیبل پر لٹا کر کوئی بے ہوشی کا انجکشن لگایا گیا جس کے بعد ان کی آوازیں بند ہوگئیں۔ترک اخبار نے ذرائع سے دعویٰ کیا کہ سعودی جنرل سیکیورٹی ڈپارٹمنٹ میں فرانزک شواہد کے ہیڈ صلاح محمد الطوبیگے نے مبینہ طور پر ان کے جسم کو ٹکڑوں میں تبدیل کرنا شروع کیا ٗاس دوران انہوں نے خود بھی کانوں میں ایئر فون لگا رکھے تھے جبکہ وہ دیگر افراد کو بھی ائیر فون لگانے کی ہدایت دیتے ہوئے سنے گئے۔