صنعاء(این این آئی)یمن کے صدرعبد ربہ منصور ھادی نے وزیراعظم احمد عبید بن دغر کو حکومتی ذمہ داریوں کی انجام دہی میں غفلت برتنے کے الزامات کے بعد ان کو عہدے سے ہٹا دیا ہے اور ساتھ ہی ان الزامات کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔صدر ھادی نے معین عبدالمک کو نیا وزیراعظم مقرر کیا ہے۔ صدرکی طرف سے کابینہ میں مزید تبدیلیاں بھی کی گئی ہیں۔ سالم احمد سعید الخنبشی کونائب وزیراعظم مقرر کیا گیا جب کہ دیگر وزراء کو اپنےعہدوں پر کام جاری رکھنے
کی ہدایت کی گئی ہے۔یمن کی سرکاری خبر رساں ایجنسی’’سبا‘‘ کے مطابق احمد عبید بن دغیر کو حالیہ عرصے کے دوران اقتصادی شعبے، عوامی خدمات، المھرہ میں سیلاب سے نمٹنے میں ناکای، امن وامان اور ملکی استحکام کے حوالے سے لاپرواہی برتنے کے الزام میں ہٹایا گیا ہے۔المھرہ گورنری تباہ کن سیلاب کی وجہ سے آفت زدہ علاقہ قرار دیا گیا ہے۔ سیلاب کی وجہ سے شہریوں کی املاک کے ساتھ ساتھ بڑی مقدار میں سرکاری املاک کو بھی نقصان پہنچا ہے۔