تہران (این این آئی)ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب نے اپنے ایک عہدیدار کو دو ماہ پیشتر ایک عوامی احتجاجی مظاہرے میں شرکت کرنے اور مظاہرے سے خطاب کی پاداش میں عہدے سے ہٹا دیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق برطرف غلام رضا احمدی نے دو ماہ قبل مذہبی شہر قم میں سخت گیر مذہبی عناصر کی ایک احتجاجی ریلی میں شرکت کی تھی۔ اس ریلی میں شریک مظاہرین نے بینرز اور کتبے اٹھار کھے تھے جن پر صدر حسن روحانی مردہ باد کے نعرے تحریر کیے گئے تھے۔اس سے قبل قم شہر
میں پاسداران انقلاب کے زیرانتظام امام صادق بریگیڈ کے سربراہ حسین طیبی فر کو بھی ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔حسین طیبی فر نے 16 اگست کو قم میں ہونے والے ایک مظاہرے سے خطاب کیاتھا اور انہوں نے ایران کی دہشت گردی کی فنڈنگ کے انسداد کے عالمی معاہدے FATF میں شمولیت پر سخت تنقید کی تھی۔خبر رسان ادارے’’تسنیم‘‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ غلام رضا احمدی کو 14 اکتوبر کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ار ان کی جگہ محمد شاہ جراغی کو عہدہ سونپا گیا ہے۔