لندن(این این آئی)امریکا اور برطانیہ نے سعودی قونصل خانے میں لاپتہ صحافی کے معاملے پر احتجاجاً ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے ریاض میں ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس کے بائیکاٹ پر غور شروع کر دیا ۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق استنبول میں سعودی قونصل خانے میں
صحافی جمال خشوگی کی گمشدگی پر امریکا اور برطانیہ احتجاجاً سعودی عرب میں ہونے والی عالمی کانفرنس کے بائیکاٹ پرغور کر رہے ہیں۔علاوہ ازیں دونوں ممالک سعودی عرب کے اہلکاروں کے ہاتھوں صحافی جمال خشوگی کا قتل ثابت ہوجانے پر مشترکہ حکمت عملی اپنانے اور ایک ’مشترکہ مذمتی بیان‘ جاری کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام کے درمیان رابطے جاری ہیں۔یاد رہے کہ سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے اپنے انقلابی اصلاحات اور اس سے پیدا ہونے والی تبدیلیوں سے امریکا و برطانیہ سمیت دیگر عالمی قوتوں اور میڈیا کو آگاہ کرنے کے لیے رواں ماہ ریاض میں عالمی کانفرنس مدعو کی ہے تاہم صحافی جمال خشوگی کی گمشدگی کا معاملہ کانفرنس کے کامیاب انعقاد میں رکاوٹ بنتا نظر آرہا ہے۔دوسری جانب جمال خشوگی کے معاملے پر بڑھتے عالمی دباؤ کے پیش نظر کانفرنس کے کئی اسپانسرز اور میڈیا ہاؤسز نے سرمایہ کاری کے اپنے فیصلے کو تبدیل کرنے پر غور شروع کر دیا ہے جبکہ کچھ اسپانسرز سرمایہ کاری سے معذرت کرچکے ہیں۔