صنعاء(انٹرنیشنل ڈیسک)حوثی باغیوں اور یمنی فوج کے درمیان الدریھمی کے وسطی علاقے میں گذشتہ دو دنوں سے جاری لڑائی میں الحدیدہ کے ویسٹ کوسٹ محاذ کا سرکردہ حوثی کمانڈر مارا گیا۔عرب ٹی وی کے مطابق فوجی ذرائع نے بتایا کہ حوثی کمانڈر منصور السودی المعروف ابو حمید الدریھمی کے علاقے میں حوثی ملیشیا کی کوئیک ایکشن فورس کا سربراہ تھا۔ادھر حجہ گورنری میں 330 سرکردہ سرداروں اور مشایخ کی پہلی کانفرنس منعقد ہوئی جس میں شرکاء نے حوثیوں کی جانب سے کی
جانے والی خلاف ورزیوں اور یمن میں ایرانی مداخلت کی مذمت کی۔شرکاء نے حجہ میں حوثیوں کی جانب پھیلائی گئی تباہی کا اپنی آنکھوں سے مشاہدہ کیا۔ انھوں نے شہر کے دورے کے بعد اہالیاں گورنری سے اپیل کی وہ باغیوں کو علاقے سے بیدخل کرنے کے لئے پولیس کے ہاتھ مضبوط کریں۔کانفرنس کے شرکاء نے کامیابی تک یمن کی آئینی حکومت کی حمایت اور ساتھ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انھوں نے کہ کہا کہ وہ یمن میں خوشحالی کا دور واپس لانے کے لئے ہر قسم کی جدوجہد کے لئے تیار ہیں۔