واشنگٹن/پیانگ یانگ(این این آئی) شمالی کوریا نے ایٹمی اور میزائلوں کے مزید تجربات نہ کرنے کا اعلان کردیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان نے مزید ایٹمی اور میزائلوں کے تجربات نہ کرنے کا اعلان کردیا، انہوں نے کہا کہ ہمیں مزید ایٹمی تجربات کی ضرورت نہیں جب کہ بین البراعظمی راکٹ ٹیسٹ کی بھی ضرورت نہیں۔سربراہ شمالی کوریا کم جونگ ان کا کہنا تھا کہ ان کی نیوکلیئر ٹیسٹ سائٹ نے
اپنا مشن مکمل کرلیا ہے۔تاہم نیوکلیئر ٹیسٹ سائٹ بھی بند کرنے کا فیصلہ کرلیا جب کہ وہ مزید ایٹمی ہتھیار اور ٹیکنالوجی برآمد بھی نہیں کریں گے۔کم جونگ ان کا کہنا تھا کہ ایٹمی تجربات پر پابندی کی عالمی کوششوں کا حصہ بنیں گے جب کہ اس فیصلے کا مقصد ملکی اقتصادی ترقی اور خوشحالی پر توجہ دینا ہے۔دوسری جانب شمالی کوریا کے اس اعلان کے ردعمل میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ٹویٹ پیغام میں لکھا کہ شمالی کوریا کا مزید ایٹمی اور میزائلوں کے تجربات نہ کرنے کا اعلان بڑی پیشرفت اور دنیا کے لیے خوشخبری ہے جب کہ ایٹمی ٹیسٹ سائٹ بند کرنے کا اعلان بھی خوش آئند ہے۔امریکی صدر نے لکھا کہ اب کم جونگ ان سے ملاقات کے لیے ماحول خوشگوار ہوگیا۔