پیرس(این این آئی)فرانس میں کَیلے کے مقام پر افغانستان اور اریٹریا سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں مہاجرین کے باہمی تصادم میں فائرنگ کے بعد پانچ افراد گولیوں کا نشانہ بنے جب کہ 18 دیگر تارکین وطن لوہے کی سلاخیں لگنے کے باعث شدید زخمی ہو گئے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کَیلے میں اریٹریا اور افغانستان سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں تارکین وطن کے مابین تصادم کا آغاز گزشتہ روز ہوا۔ مقامی حکام کے مطابق اس جھگڑے کے دوران فائرنگ کے باعث پانچ اریٹریا سے
تعلق رکھنے والے پانچ مہاجرین گولیاں لگنے کے باعث شدید زخمی ہو گئے ۔کَیلے کے نواحی علاقے میں افغانستان اور اریٹریا سے تعلق رکھنے والے پناہ گزینوں کے مابین تصادم کا آغاز کھانے کے حصول کے لیے قطار بنانے کے تنازعے سے شروع ہوا۔ دو گھنٹے تک جاری رہنے والے اس جھگڑے میں ایک سو سے زائد اریٹرین مہاجرین قریب تیس افغان مہاجرین پر حملہ آور ہوئے۔ اسی دوران ایک افغان مہاجر کی فائرنگ کے باعث پانچ اریٹرین مہاجرین شدید زخمی ہوئے۔مقامی دفتر استغاثہ کے مطابق گولیوں کا نشانہ بننے والے ان مہاجرین کی عمریں سولہ تا اٹھارہ برس کے درمیان ہیں۔ تصادم شروع ہونے کے بعد فرانسیسی پولیس کے سینکڑوں اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور زخمی ہونے والے مہاجرین کو فوری طور پر ایک مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ان میں سے ایک اریٹرین نوجوان مہاجر کی حالت انتہائی نازک ہے جسے فرانسیسی شہر لِل کے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔اس واقعے کے بعد کَیلے ہی کے نواح میں ایک صنعتی علاقے میں آہنی سلاخوں سے لیس اریٹریا سے تعلق رکھنے والے ڈیڑھ سو سے زائد مہاجرین نے بیس افغان شہریوں پر حملہ کر دیا۔ اس واقعے میں اٹھارہ مہاجرین زخمی ہوئے۔