تہران(آئی این پی )ایران کے تمام سرکاری اور نجی پرائمری اسکولوں میں انگریزی زبان کی تعلیم پر پابندی عائد کردی گئی ۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے سرکاری ہائی ایجوکیشن کونسل کے سربراہ مہدی نوید نے بتایا ہے کہ ایرانی رہبر اعلی آیت اللہ علی خامنہ ای نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ کم عمری میں انگریزی سکھانے سے
بچوں کے مغربی ثقافت سے قریب ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں، اس بیان کے تناظر میں ایرانی حکومت کی جانب سے تمام سرکاری و نجی پرائمری اسکولوں میں انگریزی کی تعلیم پر پابندی عائد کردی گئی ہے اور اب کسی بھی سرکاری یا نجی پرائمری اسکول کے نصاب میں انگریزی زبان کی تعلیم کو شامل کرنا خلاف قانون ہوگا۔مہدی نوید کا کہنا تھا کہ یہ اس لیے کیا گیا ہے کیونکہ ایسا مانا جاتا ہے کہ پرائمری اسکولوں کے طالب علموں میں ایرانی ثقافت کی بنیاد مضبوط نہیں ہورہی اس لئے ایران میں انگریزی کی غیر نصابی کلاسز پر بھی پابندی لگائی جانے کے امکانات ہیں۔دوسری جانب خامنہ ای نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پرائمری اسکولوں میں انگریزی زبان پر پابندی کے فیصلے کا مطلب غیر ملکی زبانوں کو سیکھنے کی مخالفت نہیں بلکہ غیرملکی ثقافت کو ملک کے بچوں، نوجوانوں اور نوجوان نسل میں فروغ دینے کی مخالفت کرنا ہے۔