گاندی نگر/نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان گجرات کے اسمبلی انتخابات میں مداخلت کررہا ہے ،پاکستان احمد پٹیل کو گجرات کا وزیراعلی کیوں بنوانا چاہتا ہے ؟،کانگریس رہنما مانی شنکر نے پاکستانی حکام سے
ملاقاتوں کے بعد مجھے نیچ انسان قرار دیا یہ ایک سنجیدہ معاملہ ہے ،،کانگریس سے پاکستانی حکام سے ملاقاتوں کی وضاحت طلب کی ہے ۔اتوار کو بھارتی میڈیا کے مطابق ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی نے کہاکہ کانگریس کے سابق وزیر مانی شنکر نے پاکستانی رہنماؤں سے کانگریس کے سربرہان کی ملاقات کے بعد مجھے نیچ انسان قرار دیا۔مودی نے کہاکہ مانی شنکر کے گھر میں ایک میٹنگ کے بارے میں ذرائع ابلاغ میں رپورٹ سامنے آئی ہے ۔میٹنگ میں پاکستانی ہائی کمشنر ،سابق پاکستانی وزیر خارجہ ،بھارت کے سابق نائب صدر اور سابق وزیراعظم من موہن سنگھ شریک تھے ۔مانی شنکر کے گھر ہونے والی ملاقات تین گھنٹے تک جاری رہی ۔اگلے روز مانی شنکر نے کہاکہ نریندر مودی ایک نیچ انسان ہے یہ ایک سنجیدہ معاملہ ہے ۔بھارتی وزیراعظم نے الزام لگایا کہ پاک فوج کے ایک سابق ڈی جی گجرات کے الیکشن میں مداخلت کررہے ہیں۔سردار ارشد رفیق نے احمد پٹیل کی گجرات کے اگلے وزیراعلی کے طور پر حمایت کی تھی ۔