قاہرہ(این این آئی)مصر کی سب سے بڑی دینی درس گاہ جامعہ الازھرکے سربراہ ڈاکٹر احمد الطیب نے خبردار کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے مقبوضہ بیت المقدس کو صہیونی ریاست کا دارالحکومت قرار دینا انتہائی خطرناک اقدام ہے اور اس کے تباہ کن نتائج سامنے آئیں گے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق شیخ الازھر کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں نصرت القدس کے لیے عالم اسلامی کانفرنس بلانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ امریکی حکومت کا فیصلہ مظلوم فلسطینی قوم کے بنیادی حقوق اور عرب اقوام کے دیرینہ مطالبات، القدس کی دینی اسلامی شناخت کے خلاف کھلی سازش ہے۔ القدس عالم اسلام کا
مرکز ہے جس میں مسلمانوں کا تیسرا حرم اور پہلا قبلہ مسجد اقصیٰ واقع ہے۔ امریکا نے القدس کے بارے میں متنازع فیصلہ دیتے ہوئے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے جذبات کو نظر انداز کیا۔ مسلمان مسریٰ رسول صلی اللہ وعلیہ وسلم اور کروڑوں عرب مسیحی اپنی عبادت گاہوں کی بدولت القدس کو ہمیشہ اپنے سینے میں بسائے رکھیں گے۔