بیجنگ(آئی این پی)چین نے چا ہ بہار میں شہید بہشتی بندرگاہ کے پہلے مرحلے کے افتتاح کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے علاقے میں امن و استحکام کا باعث قرار دیا ہے۔چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان گینگ شوانگ نے کہا ہے کہ چین، علاقائی ملکوں کے درمیان دوستانہ تعلقات اور تعاون کے فروغ کا خیر مقدم کرتا ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ایران کی چابہار بندرگاہ، علاقے میں مختلف ملکوں کی سہولیات اور امن و استحکام کے تحفظ کا باعث بن سکتی ہے۔قابل ذکر ہے
کہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی اور سترہ غیر ملکی مہمانوں افغانستان، پاکستان،بھارت اور قطر کے اعلی حکام اور نمائندوں کی موجودگی میں اتوار کی صبح چابہار میں شہید بہشتی بندرگاہ کے پہلے مرحلے کا افتتاح ہوا ہے۔ایران کی چابہار بندرگاہ اپنی اسٹریٹیجک پوزیشن اور آزاد سمندر میں وسطی ایشیا کے خشکی میں گھرے ملکوں افغانستان، ترکمانستان، ازبکستان، تاجکستان، قرغزستان اور قزاقستان کی سمندر تک دسترس کا نزدیک ترین راستہ فراہم کرتی ہے۔