برلن (مانیٹرنگ ڈیسک) جرمن وزیر داخلہ تھوماس ڈے میزیئر نے کہاہے کہ جن مہاجرین کی سیاسی پناہ کی درخواست مسترد ہوچکی ہے ان کو رضاکارانہ طور پر وطن واپسی سے قبل نقد رقم دی جائے گی۔یہ بات انہوں نے جرمن اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگلے تین ماہ میں واپس جانے والے مہاجرین کو انفرادی طور پر ایک ہزار یورو جبکہ ان کے خاندان کے لیے تین ہزار یورو تک امدادی رقم ادا کی جائے گی۔گزشتہ چند
سالوں سے جرمن حکومت اپنی مرضی کے تحت واپس جانے والے تارکین وطن کو مخصوص رقم ادا کرتی رہی ہے۔ اس ادائیگی سے پناہ گزینوں کو اپنے ملک واپس جانے کا حوصلہ ملنے کے علاوہ وہاں ابتدائی ایام میں گزارہ کرسکتے ہیں۔ جرمن وزیر داخلہ نے مہاجرین سے براہ راست اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ اگلے سال فروری تک رضاکارانہ طور پروطن واپس جائیں گے تو ایک سال تک گھر کے اخراجات کے لیے مالی امداد بھی دی جائے گا۔