قاہرہ(مانیٹرنگ ڈیسک) مصر کے سابق صدر حسنی مبارک کے وکلاء پینل میں شامل ایڈووکیٹ فرید الدیب نے اپنے موکل کے بارے میں چونکا دینے والے انکشافات کئے ۔اخبار مصر الیوم کے زیراہتمام فورم پر ایک سیمینار میں اظہار خیال کرتے ہوئے ایڈووکیٹ فرید الدیب کا کہنا ہے کہ سابق صدر حسنی مبارک غریب اور کوڑی کوڑی کو محتاج ہیں۔
وہ خود تو میری فیس بھی ادا نہیں کر سکے بلکہ فیس ان کے مقربین اور چاہنے والے ادا کرتے تھے۔انہوں نے کہا کہ حسنی مبارک اپنے ماضی اور سیاسی فیصلوں پر مطمئن ہیں۔وہ اپنے تفتیش کاروں اور وکلاء کو بتا چکے ہیں کہ انہوں نے جو بھی کیا وہ ملک وقوم کے وسیع تر مفاد میں کیا۔ انہوں نے اپنے کسی اقدام پر شرمندگی کا اظہار نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ حسنی مبارک کا بیٹا جمال مبارک صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا ہے۔