واشنگٹن(این این آئی)ایک نوجوان امریکی لڑکی نے اپنی والدہ کا دلدوز خط شیئر کیا ہے جو انھوں نے مرنے سے قبل لکھا تھا۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ خط سوشل میڈیا پر ہزاروں لوگوں کے دل کی زبان بن گیا ہے۔پیگی سمرس گردے کے سرطان میں مبتلا تھیں اور انھوں نے یہ خط اپنی 18 سالہ بیٹی ہینا کے لیے امریکی ریاست انڈیانا میں اپنی وفات سے پہلے لکھا تھا۔ہینا کے نام اس خط میں سکول اور رشتوں کے بارے میں مشورے شامل ہیں
اور اسے ٹوئٹر پر 90 ہزار سے زیادہ بار شیئر کیا جا چکا ہے کیونکہ ان کے الفاظ دنیا بھر کے لوگوں کے جذبات کی ترجمانی کرتے نظر آتے ہیں۔یہ جذباتی خط اس طرح شروع ہوتا ہے، ‘ہینا، اگر آپ یہ خط پڑھ رہی ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ سرجری کامیاب نہیں رہی۔ مجھے افسوس ہے، لیکن میں نے اس موذی مرض کو شکست دینے کی ہر ممکن کوشش کی لیکن میرا خیال ہے کہ خدا نے میرے لیے کوئی دوسرا کام منتخب کر رکھا ہے۔اس خط میں حنّا کے لیے سکول، لڑکوں اور اپنے والد کے ساتھ رشتے کے بارے میں نصیحتیں شامل ہیں،ابو کے ساتھ صبر کا مظاہرہ کرنا، یہ ان کے لیے مشکل وقت ہے اور انھیں اس سے نکلنے میں وقت لگے گا۔تم دونوں کو ایک دوسرے پر بھروسہ کرنے اور خوب بات کرنے کی ضرورت ہے، حالانکہ باتیں کرنا ہم لوگوں کی خاصیت نہیں ہے لیکن کوشش جاری رکھنی ہے، ہمت نہیں ہارنی ہے۔اور خط کے آخر میں پیگی اپنی بیٹی کو کہتی ہیں،جتنا ہو سکے اکثر لوگوں سے کہو کہ تم ان سے محبت کرتی ہو۔زندگی کے مزے لو اور ہر دن کو اس طرح گزاروں جیسے وہ تمہار آخری دن ہو کیونکہ ہم میں سے کسی کو یہ نہیں معلوم کہ آج ہمارا آخری دن ہے۔ اور سب سے بڑھ کر اس بات کا دھیان رہے کہ میں تمہیں اتنا چاہتی ہوں کہ تم اسے کبھی جان ہی نہیں پاؤگی۔