ریاض(این این آئی)سعودی عرب نے کہاہے کہ ایران یمن میں حوثی باغیوں کو اسلحہ فراہم کر رہا ہے جس کے باعث یمن میں امن کی کوششوں میں رکاوٹ آ رہی ہے۔سعودی عرب کی جانب سے یہ بیان دارالحکومت
ریاض میں سعودی اتحاد میں شامل ممالک کے وزرائے خارجہ کے ایک اجلاس میں سامنے آیا ۔اس اجلاس میں مصر، بحرین اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ کے علاوہ فوجی حکام بھی شریک تھے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر نے ایران پر حوثی باغیوں کو اسلحہ فراہم کرنے کا الزام عائد کیا۔سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ ‘یمن کے مسئلے کے حل کے لیے تمام کوششوں کو ایران تباہ کر رہا ہے اور اسی وجہ سے حکومت اور ملیشیا کے درمیان سیاسی مذاکرات کی تمام کوششیں ناکام ہوئی ہیں۔ یہ ملیشیا اپنی کارروائیاں دنیا میں دہشت گردی کا سب سے بڑا معاون ایران کی حمایت کے بغیر جاری نہیں رکھ سکتے۔یمن کے وزیر خارجہ عبدالمالک نے اجلاس کو بتایا کہ حوثی باغی ایران کے اثر کے باعث ‘فرقہ وارانہ پراجیکٹ’ چلا رہے ہیں جس کا مقصد یمنی حکومت کا تختہ الٹنا ہے۔سعودی عرب کے چیف آف سٹاف جنرل
عبدالرحمان بن صالح البنیان نے بتایا کہ یمنی فورسز نے ملک کے 85 فیصد حصے کا کنٹرول حاصل کر لیا ہے اور اس دوران ‘جنیوا کنونشنز کے مطابق شہریوں کی حفاظت کا احترام کیا ہے۔