ریاض(آئی این پی ) سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے 500 ارب ڈالرکی لاگت سے ایک نیا شہراورکاروباری زون تعمیر کرنے کے منصوبے کا اعلان کر دیا ،این ای او ایم( نیوم )نامی منصوبے کو مستقبل کی منزل قرار دیا گیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق
سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے بین الاقوامی بزنس کانفرنس میں 500 ارب ڈالرکی لاگت سے این ای اوایم (نیوم) نامی منصوبے کا اعلان کیا ہے ۔ منصوبے کے تحت ایک نیا شہراور کاروباری زون تعمیرکیا جائے گا جوملک کے شمال مغربی علاقے میں 26 ہزارپانچ سو مربع کلومیٹر پرمحیط ہوگا۔500 ارب ڈالر کی لاگت سے تیار ہونے والے منصوبے میں 9 شعبوں پرتوجہ دی جائے گی جن میں توانائی اورپانی ، ٹیکنالوجیکل، بائیو ٹیکنالوجی، خوراک، ڈیجیٹل سائنسز، جدید مینوفیکچرنگ، میڈیا اورتفریح کے شعبے شامل ہیں۔ یہ منصوبہ ولی عہد کے اس منصوبے کا حصہ ہے جس کے تحت ملک کا انحصار تیل سے حاصل ہونے والی آمدن پر کم کرنا ہے جب کہ اس منصوبے کو مستقبل کی منزل قرار دیا گیا ہے۔(نیوم)نامی منصوبے سے سال 2030 تک سعودی معیشت میں 100 ارب ڈالر تک حصہ ہوگا اور یہ بحرِ احمر کے ساحل
اورعقابہ خلیج پر ایک پرکشش منزل ہوگا جو ایشیا، افریقہ اور یورپ سے جوڑے گا۔کانفرنس میں منصوبے کو مصر اور اردن تک توسیع دینے کا اعلان بھی کیا گیا ہے جب کہ دونوں ممالک کی جانب سے تاحال اس پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔
اس منصوبے کے حوالے سے سعودی حکام کا کہنا ہے کہ این ای او ایم نامی منصوبے کو نہ صرف ریاست بلکہ مقامی اوربین الاقوامی سرمایہ کاروں کی طرف سے سرمایہ فراہم کیا جائے گا، منصوبے کا مقصد سعودی مملکت کو صنعت اورٹیکنالوجی کا بڑا عالمی مرکز بنانا ہے۔