ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت کو مطلوب داؤد ابراہیم کے گھر اور ہوٹل کی نیلامی کیلئے بھارتی حکومت نے اشتہار جاری کر دیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اشتہار ممبئی کے پاک موڈیا اسٹریٹ علاقے میں داؤد ابر ہیم کے گھر کی نیلامی کیلئے جاری کیا گیا ہے۔حکومت
نے گھر کی نیلامی قیمت ایک کروڑ 55 لاکھ 76 ہزار روپے رکھی ہے جبکہ اسی علاقہ میں واقع ہوٹل کی قیمت ایک کروڑ 18 لاکھ 63 ہزار روپے رکھی گئی ہے اور نیلامی 14 نومبر کو ہو گی۔ یہ نیلامی الیکٹرانک آکشن کے ذریعہ کی جائے گی۔سی بی آئی نے داؤد ابرا ہیم کی جائیداد ضبط کی تھی جس کے بعد اب حکومت اس جائیداد کی نیلامی کرنے جا رہی ہے۔ اس سے قبل بھارتی نژاد داؤد ابراہیم کی40 ہزار کروڑ روپے سے زائد کی جائیداد برطانیہ میں ضبط کر لی گئی تھی۔بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ برطانیہ کے شہر واروک شائر سٹی میں دائود ابرا ہیم کے ایک ہوٹل کے علاوہ مڈ لینڈز کے علاقے میں ان کے ملکیتی رہائشی کمپلیکسز کو ضبط کر لیا گیا ہے جن کی مالیت تقریباً 40 ہزار کروڑ روپے بنتی ہے۔یاد رہے گزشتہ مہینے مہاراشٹرا نونرمن سینا کے چیف راج ٹھاکرے نے دعویٰ کیا تھا کہ داؤد ابراہیم بھارت واپسی کے لئے بھارتی سرکارسے رابطے میں ہے کیونکہ وہ بھارت واپس آنا چاہتے ہیں اور مرکزی حکومت کے ساتھ سیٹلمنٹ کی کوشش کر رہے ہیں لیکن بھارتی سرکار اس کا کریڈٹ خود لیتے ہوئے داؤد ابراہیم کی واپسی کو اپنی کامیابی کے طور پر پیش کرے گی۔