میڈرڈ(این این آئی) اسپین اور پرتگال کے جنگلات میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں کم ازکم 6 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے ۔بین الاقوامی خبر ایجنسی کے مطابق پرتگال کے جنگلات میں لگی آگ بے قابو ہوگئی اور تیز ہواؤں کے باعث اس نے شہری علاقوں کا رخ کرلیا ہے۔ بلند ہوتے شعلے دور
دراز علاقوں سے دکھائی دے رہے ہیں جب کہ آگ پر قابو پانے کے لیے 500 سے زائد فائر فائٹرز کوششوں میں مصروف ہیں تاہم 12 گھنٹے سے زائد وقت گزرنے کے باوجود انہیں خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں ہوسکی۔حکام کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کے نتیجے میں اب تک 3 افراد ہلاک اور 25 زخمی ہوئے ہیں جبکہ درجنوں فائرفائٹرز کو شہری علاقوں کی طرف آنے والی سڑکوں پر تعینات کردیا گیا ہے تاکہ شہرکو آگ کی لپیٹ میں آنے سے روکا جاسکے۔ رواں سال جون میں بھی پرتگال کے وسط میں واقع جنگلات میں لگی بدترین آگ میں 64 افراد ہلاک اور 250 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔دوسری جانب اسپین کے جنگلات میں بھی آگ لگ گئی۔ 90 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی تیز ہواؤں کے باعث آگ اطراف کے شہروں کی جانب بڑھ رہی ہے۔ آتشزدگی کے واقعہ میں اب تک 3 افراد ہلاک اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔اسپین کے وزیراعظم نے آتشزدگی میں ہلاک ہونے والوں کے اہل
خانہ سے تعزیت کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ وہ دکھ کی گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ آگ کو شہروں کا رخ کرنے سے قبل ہی بجھانے کے لیے تمام تر اقدامات کیے جارہے ہیں۔